ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سی اے اے کے خلاف کیرالا میں 620کلو میٹر طویل انسانی زنجیر 

سی اے اے کے خلاف کیرالا میں 620کلو میٹر طویل انسانی زنجیر 

Mon, 27 Jan 2020 11:20:09    S.O. News Service

تھروانتاپورم، 27/جنوری (ایس او نیوز/پی ٹی آئی) شہریت ترمیمی قانون سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے حکمراں سی پی آئی ایم کی زیر قیادت بائیں محاذ نے اتوار کو یو م جمہوریہ کے موقع پر کیرالا کے شمالی حصہ سے جنوبی حصہ تک 620کلو میٹر طویل انسانی زنجیر بنائی۔ بائیں محاذ نے شمالی کیرالا کے کاسرگوڈ سے ریاست کے جنوبی حصہ کلیا کاویلئی تک انسانی زنجیر بنائی۔ چیف منسٹر پی وجین اور سی پی آئی لیڈر کے راجندرن نے تھروانتاپورم میں اس احتجاج میں حصہ لیا۔ وجین نے اس موقع پر ان افراد کا شکریہ ادا کیا۔جنہوں نے احتجاج میں حصہ لیا اور کہا کہ ریاست سی اے اکے خلاف متحد ہو کر کھڑی ہے۔ انہوں نے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ مظاہرہ میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت آرام کا نہیں ہے ہمیں اپنا احتجاج جاری رکھنا چاہئے۔ ہم نے یہ بات واضح کردی ہے کہ ریاست میں سی اے اے، این پی آر اور این آر سی نافذ نہیں ہوگا۔ ہم سی اے اے کی منسوخی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ یہ قانون ملک اور سیکولر زم پر خطرہ ہے۔ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وجین نے کہا کہ پارلیمنٹ میں منظوری کے بعد سے ہی ریاست سی اے اے کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ لاکھوں نے سڑکوں پر نکلتے ہوئے اس قانون کے خلاف احتجاج کیا۔ ہم کسی تشدد کے بغیر پر زور احتجاج درج کررہے ہیں۔ یہ انسانی زنجیر انسانی دیوار بن گئی ہے۔ جموں و کشمیر کے سابق رکن اسمبلی محمدیو سف تریگامی نے ملا پورم میں انسانی زنجیر میں حصہ لیا۔ بائیں محاذ نے دعویٰ کیا ہے کہ تقریباً 75لاکھ افراد نے انسانی زنجیر میں شرکت کی۔ یہ انسانی زنجیر شام 4بجے بنائی گئی جس کے بعد دستور کی تمہید پڑی گئی۔ دستور کو تباہ کرنے سے مرکزی حکومت کو روکنے کیلئے ایک عہد بھی لیا گیا۔ سینئر سی پی آئی ایم لیڈر رام چندر پلیئی 620کلو میٹر طویل اس چین کا پہلا سرا تھا جبکہ ایم اے بیدی آخری سراتھے۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے انسانی زنجیر میں حصہ لیا۔ کئی مسلم تنظیمیں بھی احتجاج میں شامل ہوئیں۔ بائیں بازو نے کانگریس زیر قیادت یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کو بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت دی تھی لیکن وہ دور رہا۔ اس دوران بی جے پی کے ایک کارکن نے کلم ضلع میں انسانی دیوار کے قریب خودکشی کی کوشش کی۔ پولیس نے بتایا کہ وہ وندے ماترم کے نعرے لگاتے ہوئے احتجاج کے مقام کی طرف بڑھا اور اپنی کلائی کاٹنے کی کوشش کی۔ اسے فوری ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ اس کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے اس دوران کولکتہ کے شمال سے جنوب تک 11کلو میٹر طویل ہندوستانی زنجیر بنائی گئی جس میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ 


Share: